تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں، کتنے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اپوزیشن سے رابطے میں ہیں؟ حکومتی صفوں میں کھلبلی مچا دینے والی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے پی ٹی آئی ارکان اپوزیشن سے رابطے میں ہیں، پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے بات کریں گے، حکومت کو جمہوری طریقے سے گرایا جائےگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کا مشترکہ ہائبرڈ اجلاس پوا۔

اجلاس کے بعد سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی نے میڈیا بریفنگ دی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کے سربراہ بھی وہی بات دہرا رہے ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کے قیام کے پہلے دن کہا تھا کہ جمہوری طریقہ کار سے اس حکومت کو گرایا جائے، تحریک انصاف کے ارکان اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ساڑھے3 سال بعد حکومت کیخلاف وائٹ پیپر جاری کیا۔ شازیہ مری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کنگال اور وزیراعظم امیر ہوتا جارہا ہے، جبکہ پاکستان کا قرضہ تاریخی سطح پر ہے اور ہر شخص تقریباً پونے 2 لاکھ کا مقروض ہو چکا ہے۔ موجودہ حکومت کی کارکردگی واضح کرتی ہے کہ وہ کسی کی سپورٹ سے ہی آئے ہیں۔

انہیں عوام کی فکر نہیں ہے اور اس ہی لیے ہم انہیں سلیکٹڈ کہتے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ اجلاس میں مہنگائی سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، عوام تحریک انصاف کی حکومت سے پریشان ہے، ملک میں بے روزگاری بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام غریب اور ملک کا وزیراعظم امیر سے امیر ترین ہوگیا ہے، ایک سال کے دوران عمران خان کی دولت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں