پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر عائد تمام پابندیاں ختم

اسلام آباد(پی این آئی)ایوی ایشن کی بین الاقوامی تنظیم اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر عائد تمام پابندیاں ختم کردیں جس کے بعد پاکستانی پائلٹس اور پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کو خط لکھا گیا ہے جس میں پابندیوں کے خاتمے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پراپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لے لیے ہیں اور اہم سیفٹی اعتراضات پر سول ایوی ایشن پاکستان کےاقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔اکاؤ کی جانب سے اعتراضات واپس لینے کے بعد پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیرلائنز پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کے سفر کیلئے عائد پابندیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔اکاؤ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پرپائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹالی ہے جس کے بعد پاکستانی پائلٹس کیلئے امتحانات کا انعقاد کیا جاسکے گا جب کہ پاکستانی پائلٹس پر بیرون ملک پرواز کیلئے عائد پابندیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہےکہ اکاؤ کے فیصلے کے بعد پروازیں بحال کرنے کیلئے یورپی یونین اور برطانیہ کی سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا ہے اور ان کی جانب سے بھی رواں ہفتے ہی مذاکرات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ڈپٹی ڈی جی نے کہا کہ امید ہے پابندیاں جلد ختم ہونے کے بعد پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازیں شروع کرسکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close