اومی کرون کا حملہ، برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے سفری پابندیاں لگا دی گئیں

دبئی(پی این آئی)دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت، متحدہ عرب امارات نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر پی سی آر ٹیسٹ سے متعلق نئی پابندی عائد کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے سفری ضروریات کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔

برطانیہ سے دبئی پہنچنے والے مسافروں کو سفر سے قبل زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی پابندی سفر سے 72 گھنٹے پہلے تھی، تاہم برطانیہ میں کورونا مثبت کیسز میں اضافے کے بعد متحدہ عرب امارات نے گرین لسٹ ممالک کی فہرست اپ ڈیٹ کر دی ہے۔اس حوالے سے امارات ایئر لائنز نے کہا ہے کہ 2 جنوری 2022 کو، برطانیہ سے دبئی جانے والے یا اس کے ذریعے سفر کرنے والے تمام مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہو گا۔48گھنٹے قبل کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں ہی دبئی میں آنے کی اجاز ت دی جائے گی۔واضح رہے کہ ٹیسٹ سرٹیفکیٹ بشمول اینٹی باڈی ٹیسٹ اور ہوم ٹیسٹنگ کٹس دبئی میں قبول نہیں ہیں۔

برطانیہ سے ابوظہبی پہنچنے والے ویکسین والے مسافروں کو پہنچنے کے چوتھے اور آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہوگی۔ روانگی سے قبل ٹیسٹ بھی کرائے جائیں۔غیر ویکسین والے مسافروں کو ابوظہبی جانے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہوگی اور انہیں آمد پر 10 دن تک اپنی رہائش گاہ میں الگ تھلگ کرنا ہوگا۔9ویں دن انہیں سی ایچ اے پرائم ٹیسٹنگ سہولت میں پی سی آر ٹیسٹ دینا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں