ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن ‘میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سری لنکن اداکارہ ’یحالی تاشیہ‘کون ہیں اور انہیں کس طرح پاکستان لایا گیا؟ پہلی بار خود ہی تفصیلات بتا دیں

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان کے معروف ڈرامے ’’ صنف آہن‘‘ کے اس وقت ہر طرف چرچے ہیں اور اس میں سر لنکا کی نوجوان اداکارہ ’’یحالی تاشیہ‘‘ بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں ، انہوں نے پاکستان کے سفر اور یہاں کام کرنے سے متعلق اپنے تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے پہلا انٹرویو دیدیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیہ نے انٹرویو میں پاکستانی ڈرامے میں اداکاری سمیت اپنے کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔

یحالی تاشیہ نے بتایا کہ ’صنفِ آہن‘ میں اداکاری کے لیے ان سے سری لنکن فوج کے کرنل روہانا وکرما سنگھ نے رابطہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان سے کرنل عمیر فاروق نے ان سے رابطہ رکھا۔اداکارہ کے مطابق انہیں بائیو ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرامے میں سلیکٹ کیا گیا اور بعد ازاں ان کا آن لائن آڈیشن بھی لیا گیا تھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے کرنل عمیر فاروق نے انہیں ابتدائی طور پر اردو زبان سمجھانے میں کافی مدد کی اور پاکستان آنے کے بعد پروڈکشن ہاؤس کے دو افراد نے بھی اس سلسلے میں ان سے تعاون کیا۔یحالی تاشیہ کے مطابق وہ سری لنکا سے براہ راست کراچی آئی تھیں لیکن ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے فوری طور پر اسلام آباد کے راستے ابیٹ آباد روانہ ہوگئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ پاکستان آئیں تو یہاں کے لوگوں کو مہمان نواز پایا اور محسوس کیا کہ پردیسیوں کا خیال رکھنا، انہیں پیار کرنا پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے۔ یحالی تاشیہ نے ’صنفِ آہن‘اداکاری کا موقع دینے پر سری لنکن اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ڈرامے کے پروڈیوسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں