اب کسی بیمار کو علاج کیلئے لندن جانے کی ضرورت نہیں، عثمان بزدار نے اعلان کر دیا

لاہور(آئی این پی)لاہور ڈویژن کیلئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے،اہل لاہور کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اب کسی بیمار کو علاج کیلئے لندن یا امریکہ جانے کی ضرورت نہیں،یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے کیا۔مارچ تک پنجاب بھر میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ لانچ کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں لاہور ڈویژن کیلئے ’’نیاپاکستان قومی صحت کارڈ“ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 11 کروڑ افراد کو علاج کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔حکومت پنجاب قومی صحت کارڈ پروگرام کیلئے 400 ارب روپے فراہم کرے گی۔پنجاب کے ہر شہری کو مفت علاج کا وعدہ نبھائیں گے،یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کی مثال بعض ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ملتی۔مفت علاج کی سہولت کسی پر احسان نہیں، عوام کا حق ہے۔عوام کی فلاح و بہبود پاکستان کے آئین اور پی ٹی آئی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ساتھ ساتھ صحت کے باقی پراجیکٹس بھی مکمل کریں گے۔پنجاب بھر میں 23ہسپتالوں کی تعمیر کے پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔

صوبہ بھر میں 158 ہسپتالوں اور طبی مراکز کی اپ گریڈیشن کی جا چکی ہے۔ہیلتھ کے91 منصوبے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ2013-18 میں ہیلتھ کا بجٹ 169 ارب اور اب 389 ارب ہے۔صوبہ بھر میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے سوا 37 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔شعبہ ہیلتھ میں تقریباً 35 ہزار نوکریاں فراہم کر چکے ہیں۔ایک لاکھ نوکریوں کا وعدہ بھی پورا کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیر صحت یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ اور ٹیم کو مبارکباد دی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں