ایل او سی کے علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایمبولنس گاڑیاں ، جدید طبی آلات حکومت آزادکشمیر کے سپرد کر دیے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایل او سی کے علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمبولینسز اور جدید طبی آلات حکومت آزادکشمیر کے سپرد کر دیے۔ WHOکے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹرپلیتھا ماہی پالا نے 06ایمبولینس گاڑیاں،02کولڈ چین وہیکلز اور جدید طبی سامان وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردارعبدالقیوم نیازی کی موجودگی میں محکمہ صحت کے حوالے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ایمبولینسز اور دیگر آلات کا معائنہ بھی کیا۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس میں وزیراعظم سردارعبد القیوم نیازی،وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر آفتاب،وزیراعظم آزادکشمیر کی کوآرڈینیٹر برائے صحت عاصمہ اندرابی سمیت محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کے متعلقین نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا ایل او سی کے علاقوں کیلئے ایمبولینسز اور دیگر طبی سامان کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں صحت کے شعبہ میں چینلجز سے نمٹنے کیلئے ڈبلیو ایچ او نے ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ہے۔ زلزلہ 2005ہو یا دیگر قدرتی آفت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران بھی دنیا بھر میں ڈبلیو ایچ او نے بہترین کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ڈائریکٹر سے گزشتہ دنوں ملاقات میں ایل او سی کے لوگو ں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا حوالہ سے بات کی تھی جس پر انہوں نے بہت جلد ہی ایل او سی کے لوگوں کیلئے جدید طبی سامان اورایمبولینسز فراہم کر دیں جس پر انکا شکرگزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کی سہولیا ت لوگوں کو انکی دہلیز پر فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ صحت سہولت کارڈ عمران خان کا انقلابی پروگرام ہے جس سے آزادکشمیر کے لوگوں کو مفت علاج کی سہولتیں میسر آئی ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈاکٹر پلیتھاکی پاکستان میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے خدمات کو سراہا۔اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ڈائریکٹرڈاکٹرپلیتھا ماہی پالا نے کہاکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن دنیا بھر میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کررہا
ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے جب پہلی ملاقات ہوئی تو ان کے صحت کے شعبہ میں بہتری کے حوالہ سے ویژن سے بہت متاثرہوا، وزیراعظم آزادکشمیر نے ایل او سی کے لوگوں کیلئے طبی سہولیات و سامان کے بارہ میں بات کی جس پر پہلی کھیپ آج محکمہ صحت آزادکشمیر کے حوالے کر دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کی قیادت میں صحت کا شعبہ باالخصوص بہت ترقی کریگا اس سلسلہ میں ڈبلیو ایچ او حکومت آزادکشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کرونا وبا سے بچاؤ اور ویکسینیشن کے حوالہ سے پاکستان اور آزادکشمیر کی حکومتوں کے اقدامات کو سراہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close