وزیراعظم آزاد کشمیرسے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات،سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر غور

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے فیڈرل بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری مکرم جاہ انصاری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات،ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سیاحت، ہائیڈل و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر مشیر برائے صنعت و تجارت چوہدری مقبول، سیکرٹری انڈسٹری و دیگر بھی موجود تھے۔ایڈیشنل سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن پر وزیراعظم آزادکشمیر کوبریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ سرمایہ کار آزادکشمیر آئیں، ان کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا، حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کریگی۔ سیاحت، ہائیڈل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے کاروبار دوست ماحول فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں،محکموں کو ہدایات کر دی گئیں ہیں کہ اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں،آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کو پرکشش ماحول فراہم کرنے کیلئے سستی بجلی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس موقع پر فیڈرل بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفد نے آزاد کشمیر حکومت سے ملکر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری فیڈرل بورڈ آف انویسٹمنٹ مکرم جاہ انصاری نے کہاکہ کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے تو بڑے پیمانے پر سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close