آزاد کشمیر، وزراء سردار فہیم ربانی،چوہدری اظہر صادق کی مقتولہ کنول مطلوب کے گھر آمد،ملزم کو عبرتناک سزا کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، ورثاء کو یقین دہانی

ڈڈیال (پی آئی ڈی) آزادکشمیرکے وزیراطلاعات،قانون،انصاف وپارلیمانی امورسردارفہیم اخترربانی اور وزیرمواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری اظہرصادق نے کٹھارمیں قتل ہونے والی معصوم کنول مطلوب کے گھرجاکرفاتحہ خوانی کی اورشہید ہونے والی کنول مطلوب کی والدہ اور بھائی محمدنبیل سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔ اس موقع پر کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدرقیب خان، پی ٹی آئی کے تحصیل صدرچوہدری یاسین، پی ٹی آئی کے راہنماخان ظفرخان، چیئرمین راجہ محمدشبیر خان، شفیق احمدرٹوی ایڈووکیٹ،پی ٹی آئی تحصیل ڈڈیال کے سیکرٹری اطلاعات عدنان بیزاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرہیلتھ سردار وقاص احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، تحصیلدار ڈڈیال سیماب اسلم، ایس ایچ او ڈڈیال عمارڈار اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

وزیراطلاعات،قانون،انصاف وپارلیمانی امور سردارفہیم اخترربانی نے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ اس افسوس ناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری، وزیراعظم سردار عبدالقیو م نیازی اور بالخصوص وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ معصوم کنول مطلوب کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پولیس کو اس اندھے واقعہ کی تفتیش کے لئے جدید طریقوں کو بروئے کار لائیں۔ انھوں نے آئی جی پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوڈڈیال کی کارکردگی کو سراہا جنھوں نے اس اندھے قتل میں ملوث ملزم کودن رات محنت کرکے گرفتارکرلیااور نعش برآمد کرلی۔ انھوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث ملزم کو کیفرکردارتک پہنچانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کررہے ہیں اور قانون وآئین کے مطابق ملزم کوایسی عبرت ناک سزا ملے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی فرد اس طرح کے گھناؤنے جرم کامرتکب نہ ہوسکے۔

وزیر اطلاعات نے شہید کنول مطلوب کی والدہ اور بھائی محمدنبیل سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کنول مطلوب آپ کی نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کی بیٹی ہے اور اس دکھ میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ افراد کا کوئی علاقہ یا مذہب نہیں ہوتا۔لیکن واقعہ کے ملزم کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ کنول مطلوب کیس ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا ہماری پولیس نے دن رات اس واقعہ کی تحقیقات کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔اب اس درندہ صفت کو سزا سے کوئی نہیں بچاسکتا۔انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی دکھ کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزراء کرام نے کنول مطلوب کوقتل کیے جانے والی جگہ کادورہ کیااس موقع پرایس ایچ او عمارڈار نے انھیں کنول مطلوب کی نعش کی برآمدگی کے حوالے سے بریف کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں