پشاور(پی این آئی)پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت نے سکولوں کے ماہانہ فیس کے علاوہ کسی بھی قسم کی فیس وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شاہرام خان ترکئی کا کہنا ہے کہ ماہانہ ٹیوشن فیس کے علاوہ اگر بچوں سے کسی اور قسم کی فیس لی گئی تو سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اپنی ایک ٹویٹ میں صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی پرائیوٹ سکول اب ماہانہ ٹیوشن فیس کے علاوہ بچوں سے داخلہ فیس، سالانہ فیس، انشورنس فیس اور دیگر کسی بھی قسم کے فنڈز نہیں لے سکتا۔‘’خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیری اقدامات کیے جائیں گے۔‘واضح رہے حکومت کی جانب سے یہ احکامات پشاور ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کی روشنی میں جاری کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے صوبائی پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی بھی تصور بھی کی جائے گی اور ایسے میں پرائیوٹ سکولوں کو توہین عدالت کے قانون کے تحت بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں