جنید صفدر کی شادی کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے؟ سینئر صحافی نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا

اسلا م آباد (پی این آئی) سینئر صحافی ہارون رشید نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی لمبی شادی کو چھچھورا پن قرار دے دیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام مقابل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاف کیجیے گا لیکن شریف خاندان نے بہت ہی چھچھورے پن کا مظاہرہ کیا ہے،جس ملک میں اتنی بھوک ہے، بیروزگاری ہے، کھانے کے لیے روٹی نہیں ہے، اور ادھر تین تین ہفتے کے فنکشن ہو رہے ہیں۔

اور ہر فنکشن پر کروڑوں روپے کے اخراجات آرہے ہیں۔ہارون رشید نے دعوی کیا ہے کہ یہ تمام اخراجات بد نام زمانہ کھوکھر برادران برداشت کر رہے ہیں، بھارتی ڈیزائنر کے کپڑے پہنے جارہے ہیں۔ایک طرف ایک عام آدمی کے پاس اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پیسے نہیں ہیں تو دوسری طرف یہ سب ہو رہا ہے جو کہ مناسب بات نہیں ہے۔خیال رہے کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات پورے جوش وخروش سے جاری رہیں، جنید صفدر کی بارات کی تقریب 14 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوئی تھی جبکہ ان کی ولیمے کی تقریب 17 دسمبر بروز جمعہ لاہور میں ہوئی۔14 دسمبر کو مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر جب بارات لے کر عباس آفریدی کے مارگلہ ٹاؤن فارم ہاؤس سے سیف الرحمان فارم ہاؤس پہنچے تو ان کے ہمراہ شہباز شریف تھے۔ اپنی بارات پر جنید صفدر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ساتھ ساتھ ہی دکھائی دیے۔

سیف الرحمان کے فارم ہاؤس پر پہنچنے کے بعد اسٹیج پر بھی شہباز شریف جنید صفدر کے ساتھ بیٹھے رہے، تصاویر و ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہباز شرہف بھی روایتی کُلا پہنے اسٹیج پر موجود ہیں۔جنید صفدر نے اپنی زندگی کے سب سے خاص موقع پر پاکستانی ڈیزائنرحسن شہریار یٰسین (HSY) کی آف وائٹ شیروانی اور میچنگ کی پگڑی کا انتخاب کیا۔ دوسری جانب دلہن عائشہ سیف الرحمان نے بنٹو کاظمی کے سنہرے رنگ کے لباس کے ساتھ ہیروں اور زمرد کے زیورات پہنے۔ خیال رہے کہ مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ 17 دسمبر کو جاتی امرا میں ہوگی، کسی سیاسی جماعت کے رہنما کو مدعو نہیں کیا گيا، صرف قریبی رشتے داروں اور احباب کو دعوت دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close