سی ڈی اے بہارہ کہو میں 386 کنال کے رقبے پر جدید پارک تعمیر کریگا، خواتین کیلئے الگ پارک اوربچوں کیلئے کڈز پلے ایریا بنایا جائے گا

اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد کے شہریوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں اور تفریحی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سی ڈی اے کوشاں،وفاقی ترقیاتی ادارہ اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں 386 کنال کے رقبے پر ایک جدید پارک 323 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کریگا۔ پارک کا پی سی ون منظوری کے لئے جمع کروادیا گیا ہے جو آئندہ سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

اس پارک کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائیگا جن میں خواتین کے لئے خصوصی طور پر الگ پارک بنایا جائے گا، اسی طرح بچوں کے کھیلنے کے لئے کڈز پلے ایریا اور ماحول کو سرسبز وشاداب رکھنے کے لئے مختلف رنگوں کے موسمی پھولوں کے لئے روز گارڈن ایریا بھی بنایا جائے گا تاکہ سیرگاہ میں آنے والے شہری پرفضا ماحول میں بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوسکیں۔مزیدبرآں پارک میں سائیکلنگ ٹریکس، جوگنگ ٹریکس، بیٹھنے کے لئے بینچز، بچوں کے جھولے، پارکنگ، روشنی کے مناسب نظام اور سیکورٹی کے جدید ترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے اس پارک کے دوفیز ہونگے اور اس پارک کو دو سال میں مکمل کرکے عوام الناس کے لئے کھول دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں