لاہور (پی این آئی) سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو اسلام آباد کے بعد لاہور سے بھی بڑی سہولت مل گئی، سیرین ایئر لائن نے لاہور سے جدہ کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کردیا، مسافروں کو اپنے ہمراہ 80 کلو تک سامان لے کر جانے کی سہولت بھی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہفتے میں تین پروازیں اسلام آباد سے سعودی شہر ریاض جائیں گی جن میں اکانومی کلاس کے مسافروں کو 50 کلو وزنی سامان جبکہ سیرین پلس کے مسافروں کو 80 کلو وزنی سامان لیجانے کی اجازت ہو گی ۔انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی، ان فلائٹس کا آغاز اتوار پانچ دسمبر سے ہو گیا ہے، لاہور سے اکانومی کلاس میں جدہ جانے والے مسافر اپنے ساتھ 50 کلو تک سامان لے کر جاسکتے ہیں جب کہ سیرین پلس ٹکٹ پر لاہور سے جدہ سفر کرنے والے مسافروں کو اپنے ہمراہ 80 کلو تک سامان لے کر جانے کی سہولت ملے گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں، جس کے بعد پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ہے اور اب پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں