لاہور(آئی این پی)سانحہ سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کا واقعہ، پنجاب پولیس کا ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے چھاپوں کے دوران مزید 6 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اتوار کو ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ 12گھنٹے میں پولیس نے مزید 6 مرکزی کرداروں کا تعین کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔
ملزمان کو ویڈیو فوٹیج میں غیر ملکی شہری پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں کچھ ملزمان کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور کچھ کو تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے تفتیش کر رہی ہے اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق 124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کرادر سامنے آیا ہے۔
زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں