ملک میں مہنگائی کی جاری لہر تھم نہ سکی،مزید 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد(پی این آئی)ملک میں مہنگائی کی جاری لہر تھم نہ سکی،بیشتر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔شماریات بیورو کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی 18 فیصد سے زائد کی شرح پر برقرار ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 21 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں، مہنگائی کی مجموعی شرح میں صفر اعشاریہ 48 فی صد کی معمولی کمی ہوئی، مجموعی پارہ اب بھی 18 اعشاریہ 35 فی صد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شماریات بیورو کے مطابق 17 ہزار ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی 19 اعشاریہ 21 فی صد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک کا اضافہ ہوا۔اڑھائی کلو گھی کا ٹن 10 تک روپے تک مزید مہنگا ہو گیا، جس سے ٹن کی قیمت 988 روپے سے بڑھ کر 998 روپے تک پہنچ گئی۔رواں ہفتے

جلانے کی لکڑی، تازہ دودھ، مٹن، گرم مصالحہ جات مہنگے ہوئے، 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 18 روپے تک سستے ہوئے۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 18 روپے سے زائد کی کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے تک سستا ہوا۔شماریات بیورو کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں سمیت 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close