آزادکشمیر ہائی کورٹ مین ججز کی تعیناتی کا ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کر لیا جائے گا، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا ڈسٹرکٹ بار راولاکوٹ کی حلف برداری سے خطاب

راولاکوٹ (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں ہائی کورٹ کے ججز کی تعیناتی کا ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کر لیا جائے گا ۔وکلاء کے چیمبرز بھی جلد بنوائے جائیں گے اور اُن کے دیگر مسائل بھی فوری طور پر حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں راولاکوٹ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کی تقریب اور بعد ازاں جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے علیحدہ علیحدہ بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کی تقریب کی صدارت راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اس موقع پر ممبر بار کونسل سردار افتخار ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پربار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عامر جمیل ایڈووکیٹ، سابق سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار سیاب خالد، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سردار شازیب شبیراور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے سپاسنامہ بھی پیش کیا۔

جبکہ یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کی تقریب حلف برداری کی صدارت نو منتخب صدر سردار نذر محمد خان نے کی جبکہ اس موقع پر تقریب سے نو منتخب صدر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ سردار نذر محمد خان، ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سردار شازیب شبیر، غازی ملت پریس کلب کے صدر سردار راشد، سابق صدر عبدالرزاق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کے نومنتخب عہدیداران سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلف لیا۔ نو منتخب ہونے والے عہدیداران میں صدر سردار نذر محمد خان، سینئر نائب صدر سردار عابد شفاعت، نائب صدر طارق منہاس، سیکرٹری جنرل سردار عامر حنیف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاضی جنت، سیکرٹری مالیات احسان الحق، سیکرٹری اطلاعات خرم ذوالفقار شامل تھے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت ایک نازک موڑ میں داخل ہو چکی ہے اور اب وقت کا تقاضہ ہے کہ ہمیں متحد ہو کر تمام سیاسی، سماجی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے جارحانہ انداز میں اُٹھانا ہو گا۔ اس سلسلے میں میڈیا کا اہم کردار ہے اورجہاں سوشل میڈیا اپنا کردار ادا کرے گا وہاں پر پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا بھی اس میں خاصی اہمیت کا حامل ہے لہذا صحافتی برادری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دے اور اسی طرح دیگر مکاتب فکر بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر نو منتخب صدر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ سردار نذر محمد خان نے سپاسنامہ بھی پیش کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close