ویکسین لگوائے بغیر مساجد میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد کر دی گئی

کراچی (پی این آئی) بنا ویکسین لگوائے مساجد میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے تدارک کیلئے نیا حکم نامہ جاری کردیا۔ جاری حکم نامہ کے مطابق آئندہ سے صرف ان افراد کو مساجد میں جا کر نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی جو اپنی کرونا ویکسی نیشن کروا چکے، جبکہ ایسے افراد جنہوں نے تاحال اپنی ویکسی نیشن نہیں کروائی، انہیں مساجد میں نماز ادائیگی کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ ماسک کی پابندی کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ آئندہ سے صوبے میں نماز اور مذہبی اجتماعات میں شرکت کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔ جبکہ صوبے کی تمام مساجد کے منتظمین کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مساجد میں بچھائے گئے کارپٹ ہٹا دیے جائیں۔دوسری جانب صوبے میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس کامزید ایک مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جس سے اموات کی تعداد 7620 ہوگئی۔ گزشتہ روز صوبے میں 15995 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 279 افراد میں کرونا کی تشخیس ہوئی، یوں تشخیصی شرح 1.7 فیصد رہی۔

صوبے میں 6702890 ٹیسٹ کرائے جا چکے ہیں جن میں سے 474029 کیسز کی تشخیص ہوئی ان میں 97 فیصد یعنی 460178 مریض صحتیاب ہو چکے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 42 مریض صحتیاب ہو گئے۔صوبے میں اس وقت 6231 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 6015 گھروں میں، 14 آئسولیشن مراکز میں اور 202 مختلف اسپتالوں میں ہیں، 197 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 23863871 افراد کی ویکسی نیشن بھی ہو چکی۔ صوبائی حکومت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں