اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی لیک آڈیو کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔ آڈیو کا فرانزک امریکی ادارے نے کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیک آڈیو کو جھوٹ ثابت کرنے کے لیے دن رات کوششیں کی گئی۔آڈیو میں نہیں معلوم کہ دوسری آواز کس کی ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ آڈیو کے بعد ثاقب نثار کا پہلا
ردعمل تھا کہ یہ میری آواز نہیں ہے پھر کہا گیا کہ مختلف تقاریب سے آڈیو جوڑ کر لیک آڈیو بنائی گئی۔ یہ آڈیو ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ مبینہ آڈیو کا فرانزک امریکی ادارے نے کیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ لیک آڈیو میں کہا گیا کہ نواز شریف کو سزا دینی ہے اور مریم نواز کی سزا نہیں بنتی تو بھی انہیں سزا دینی ہے۔ لیک آڈیو میں کہا گیا کہ فیصلے ادارے دیتے ہیں۔ آڈیو میں کہا گیا کہ عمران خان کو لانا ہے۔ قوم کو دکھایا جائے کس تقریر سے ثاقب نثار کی آواز لی گئی اور
شوکت صدیقی نے جن پر دباؤ کا الزام لگایا انہیں بھی کٹہرے میں بلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کس طرح عمل میں لایاجاتا ہے یہ سب کے سامنے ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے قانون اور انصاف کا قتل کیوں کیا ؟ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو قوم کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔ چیف جج گلگت بلتستان کا بیان حلفی بھی سامنے آیا ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 5 سال میں نواز شریف کے حق میں 5 شہادتیں سامنے آئیں اور سابق جج ارشد ملک نے نواز شریف کو
نیب مقدمے میں سزا دی۔ سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو جو میں نے ریلیز کی تھی پوری دنیا کے سامنے ہے اور سابق جج ارشد ملک کو نوکری سے نکال کر انہیں سزا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ یہ نظام عدل پر کالا دھبہ ہے اور کالے دھبے کو اس طرح دھویا کہ جج کو نکال دیا گیا مگر فیصلہ آج بھی موجود ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا پاگل ہوں کہ عدالتوں کے چکر لگاؤں لیکن کروڑوں ووٹ لینے والا وزیر اعظم اپنے خاندان
سمیت عدالتوں کے چکر لگاتا رہا۔ مریم نواز نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا ہو گا۔ سابق چیف جسٹس کو بتانا ہو گا اگر سزا بنتی ہی نہیں تو کیوں دی ؟ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بتائیں کس نے ان سے کہا عمران خان کو لانا ہے؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں