کملا ہیرس امریکی صدارتی کرسی پر براجمان، تاریخ میں پہلی بار امریکا کے صدارتی اختیارات خاتون کے حوالے

واشنگٹن(پی این آئی) امریکہ کی نائب صدر کملا ہیئرس امریکہ کے صدارتی اختیارات حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔گزشتہ روز کملا ہیئرس کو صرف 85منٹ کے لیے امریکہ کا صدر بنا دیا گیا جب صدر جوبائیڈن معمول کے طبی چیک اپ کے لیے گئے۔ اس طبی معائنے کے دوران صدر جوبائیڈن کی کولونوسکوپی بھی ہونی تھی جس کے لیے انہیں تھوڑی دیر کے لیے بے ہوش کیا جانا تھا۔

چنانچہ اس وقت کے لیے صدر جوبائیڈن کے اختیارات نائب صدر کملا ہیئرس کو تفویض کر دیئے گئے تھے جو 85منٹ کے لیے ان کے پاس رہے۔ کملا ہیئرس نے صبح 10بج کر 10منٹ پر صدارتی اختیارات حاصل کیے جو 11بج کر 35منٹ تک ان کے پاس رہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پیسکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارضی طور پر صدارتی اختیارات کی منتقلی کوئی انہونی بات نہیں ہے۔ ایسے ہی مواقع کے لیے امریکی آئین میں یہ گنجائش رکھی گئی ہے۔ 2002ءاور 2007ءمیں بھی ایسا ہی ہوا تھا جب سابق صدر جارج ڈبلیو بش کو ایسے ہی ایک طبی معائنے سے گزرنا پڑا تھا۔ پریس سیکرٹری نے بتایا کہ صدر جوبائیڈن طبی معائنے کے بعد وائٹ ہاؤس لوٹے تو وہ بہت بہتر محسوس کر رہے تھے۔واضح رہے کہ جوبائیڈن کا یہ طبی معائنہ ان کی 79ویں سالگرہ کے دن ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close