وہاب ریاض کو کپتانی سونپنے کا فیصلہ، فاسٹ بالر کے مداحوں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور (پی این آئی) پاکستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز وہاب ریاض کو آئندہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے لیے دکن گلیڈی ایٹرز کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہاب ریاض جو پچھلے کچھ سالوں سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کی کپتانی کر رہے ہیں، پہلی بار کسی غیر ملکی فرنچائز لیگ میں کپتان مقرر ہوئے ہیں۔

ایکسپریس پیسر دکن گلیڈی ایٹرز کی قیادت کے دوران اپنے پہلے T10 ٹائٹل کی جیت کے لیے پرعزم ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں دکن کی بہترین کارکردگی تیسرے ایڈیشن میں آئی جب وہ چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں رنرز اپ رہی ۔ وہاب ریاض نے چوتھے ایڈیشن میں ناردرن واریئرز کی نمائندگی کی تھی اور ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہاب ریاض کے سکواڈ میں ٹیم کو تاریخ کے پہلے ٹائٹل تک لے جانے کی صلاحیت ہے۔سکواڈ میں 2 دیگر پاکستانی کھلاڑیوں رومان رئیس اور انور علی کے ساتھ ساتھ آندرے رسل، ڈیوڈ ویز، ٹام بینٹن، وینندو ہسرنگا، ایون لیوس، ٹمل ملز اور نجیب اللہ زدران شامل ہیں۔ پاکستان کے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا آغاز 19 نومبر سے ہونا ہے جس کا فائنل 4 دسمبر کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں