اگر پی ڈی ایم اور سہولتکار میڈیا کا لانگ مارچ اسلام آباد آیا تو بڑی کُٹ پڑے گی، وفاقی وزیر اسد عمر نے خبردار کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پی ڈی ایم اور میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر پی ڈی ایم اور سہولتکار میڈیا کا لانگ مارچ اسلام آباد آیا تو بڑی کُٹ پڑے گی، اسٹیٹس کو کی قوتوں اور پی ڈی ایم والوں نے ملک کو لوٹا ہے،اسلام آباد کے عوام کا جذبہ دیکھ لو،لانگ مارچ کا سوچنا بھی نہیں۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا سب سے بڑا سہولتکار میڈیا ہے۔

اسٹیٹس کو کی قوتوں اور پی ڈی ایم کو پیغام ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے، پی ڈی اور میڈیا میں بیٹھے سہولتکاروں کو پیغام ہے ، اسلام آباد کے عوام کا جذبہ ہے، لانگ مارچ کا سوچنا بھی نہیں، اسلام آباد آؤ گے تو اتنی کُٹ پڑے گی کہ یاد رکھو گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی سے بھی حکومت یا کسی جرنیل کی جانب سے جبری طور پر زمین لینے کے حوالے سے قانون سے شق نکال رہے ہیں، آئندہ کوئی بھی کسی شہری کو جبری طورپر زمین بیچنے پرمجبور نہیں کرےگا، دیانتدار وزیراعظم ہے تو اب کالا قانون بھی ختم ہوگا۔واضح رہے 06 نومبر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اعلان کیا ہے کہ مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہوگی۔

صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی صدارت اجلاس میں پی ڈی ایم نے ملک میں بدترین مہنگائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے بجلی، گیس، پٹرول، آٹا، گھی، چینی، دوائی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بد ترین اضافہ مسترد کر دیا۔بجلی گیس پٹرول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان حکومت کی تاریخی کرپشن ھے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط عوام کے سامنے لائی جائیں۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھرپور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کیا جائے گا۔

13نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ، 20 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم جماعتیں مرکزی قیادت کی سربراہی میں سڑکوں پر نکلیں گی۔آخری ریلی لاہور میں ہوگی جس کے بعد اسلام آباد کی طرف مہنگائی کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب یہ تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہوگی، یہ عمران خان سے نجات کی تحریک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close