فی یونٹ بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 68 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی، بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 15 روپے 36 پیسے ہو گئی، ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی مہنگی نہیں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کیا گیا۔بجلی کی بنیادی قیمت میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ تک اضافہ کر دیا گیا، جبکہ کمرشل و صنعتی صارفین کے لیے 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہو گا۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا، وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کے بعد ہی فیصلے کا باقاعدہ اطلاق ہو گا۔اس فیصلے کے بعد بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 15 روپے 36 پیسے ہو گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہو گا، بنیادی ٹیرف میں اضافے سے بجلی صارفین پر 135 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 13 روپے 83 پیسے فی یونٹ ہو گئی۔

400 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 21 روپے 23 پیسے فی یونٹ ادا کریں گے۔جبکہ 700 اور زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے یونٹ قیمت 24 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔ یہاں واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کرنے کے علاوہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال پر خصوصی ٹیرف بھی متعارف کروایا ہے، جس کے تحت یکم نومبر سے 28 فروری تک گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں