موجودہ حکومت ناکام ہو گئی، حکومت فوری مستعفی ہو، بدترین صورتحال سے ملک کو نکالنے کیلئے شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ

ڈیرہ غازی خان(پی این آئی)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر راناثناءاللہ خان نےحکومت سے فوری مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدترین صورتحال سے ملک کو نکالنے کیلئے شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔ڈیرہ غازی خان میں سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوگئی ہے۔

حکومت نے ملک عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)کےحوالے کردیا ہے،آنے والےدنوں میں مہنگائی میں اضافہ نظر آرہا ہے،حکومت سےنجات کےذریعےہی معاشی تباہی سے نجات مل سکتی ہے،موجودہ حکومت جائےتوہی عوام کو مہنگائی سےریلیف ملےگا۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے غریب اور مڈل کلاس کے لئے جینا ناممکن کردیا ہے، تین سال میں مخالفین کے خلاف جبر کے سوا کچھ نہیں کیا، موجودہ بدترین صورتحال سے ملک کو نکالنے کے لئے فوری طور پر صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی قیادت کل ایک بارپھر حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرے گی ۔

اپوزیشن اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کررہی ہے۔رانا ثناءاللہ نے وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل تک جو پولیس کو ہنگامہ آرائی روکنے پر اپنے ہاتھوں سے پھانسی دینے کی باتیں کرتا تھا وہ آج پولیس کے شہدا کے لئے مگر مچھ کے آنسو بہا رہا ہے،ایک وفاقی وزیر کل فرما رہے تھے کہ حکومتی رِٹ کو قائم رکھنے کے لئے ہم کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں،میں یہ سوال کرتا ہوں کہ کس حد تک جانے کی بات کرتے ہیں؟آپ پولیس اور رینجرز کے ہاتھوں لوگوں کو مروائیں گے؟یاد رکھیں پولیس کی ایک ،ایک گولی کی ذمہ داری وفاقی حکومت ،صوبائی حکومت اور کابینہ پر عائد ہو گی ،یہ حساب آپ کو دینا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ سات سال بعد آپ کو ماڈل ٹاؤن کا منترا تو بڑا یاد ہےاور اس کے لئے تو آپ جے آئی ٹیز بنانے کے لئے بڑے بے تاب رہتے ہیں لیکن آج سے چار پانچ ماہ قبل سانحہ یتیم خانہ ہواتھا اور 22/23 لوگ ہلاک ہوئے تھے ،ان کی تو آج تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی،کیا وہ پاکستانی شہری نہیں تھے ؟جنکےاحکامات پر ان لوگوں کو ہلاک کیا گیا ہے وہی ذمہ دارہیں انکےخلاف جے آئی ٹیز بنےگی جیسےہمارےخلاف بنتی رہی ہیں، اسکےبعدجو ذمہ دارٹھہرےگا ، اس کے لئےکوٹ لکھپت اورکیمپ جیل کاوہی سیل انتظار کررہاہے جس میں اِنہوں نے ہمیں ناحق قید کیاتھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں