ہمیں تعلیمی نظام کو ’’نالج اکانومی‘‘ سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، فرخ حبیب

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ” دنیا نالج اکانومی ” کی طرف جارہی ہے، ہم نے اپنے تعلیمی نظام کو اس کے مطابق بنانا ہوگا تا کہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے نوجوان ملکی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں،ہماری مجموعی آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہیومین ریسورس ہمارے لئے بوجھ نہیں بلکہ قیمتی اثاثہ ہیں،18تا 45سال عمر کے نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرض فراہم کر رہے ہیں،

2لاکھ نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کر رہے ہیں، ہمارے چاہتے ہیں کہ ہر سطح پر نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں، حکومت کیساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی نوکریاں فراہم کرنے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کر رہے ہیں، پہلی بار ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافہ ہوا، رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 3ارب ڈالر جبکہ آئندہ 3/4سالوں میں 10ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ وہ جمعہ کو بیکن ہائوس میٹروپولیٹن کیمپس میں نومنتخب سٹوڈنٹ کونسل کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سی ای او بیکن ہائوس سکول ناصر قصوری، کلسٹر ڈائریکٹر صفیہ قاسم، ہیڈمسٹریس سمیت فیکلٹی ممبران، طلبا کی کثیر تعداد موجودتھی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سکول،کالج اور یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ اگر بوائز یا گرلز ہیڈ کی ذمہ داری بھی پڑ جائے تو اس صورت میں طالبعلم کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے، جب آپ اہداف حاصل کرنا شروع کر دیتے ہیں تو پھر آگے بڑھنے کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے خوف اور میں کا بت توڑنا ہوگا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کریٹویٹی پر فوکس کرنا ہوگا،” کاپی پیسٹ “نظام سے آگے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر سکل فار آل پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے سرٹیفکیشن،ہائی ٹیک، بلاک چین ٹیکنالوجی، کلاڈ کمپیوٹنگ سمیت 100سے زائد کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، دو لاکھ نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے مختص کیے گئے 100ارب میں سے 28ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں جو کہ 10تا 15سالوں میں آسان اقساط کی صورت میں واپس کرنا ہوگا، جن نواجوانوں کے پاس آئیڈیا ہے لیکن سرمایہ نہیں ہے،ان کے لئے یہ پروگرام بہت فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوکریاں لینے کی بجائے نوکریاں دینے والے نظام کی طرف جانا ہوگا، اگر تکنیکی تربیت مل جائے تو فوری طور پر نوجوان نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑے ہوسکتے ہیں بلکہ وہ نوکریوں کے بے شمار مواقعے پیدا کرنے میں بھی معاون و مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیکن ہائوس سکول،نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ملکر ایسی حکمت عملی تشکیل دے جس سے نئی نسل تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تربیت بھی حاصل کر سکے۔ سی ای او بیکن ہائوس سکول ناصر قصوری نے نئی سٹوڈنٹ کونسل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیکن ہاس سکول نیو لرننگ منیجمنٹ سسٹم کی طرف جارہا ہے،ہمارے ہاں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں کے لئے عالمی معیار کی تمام سہولیات موجود ہیں جو ہر گذرتے دن بہتر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنے طلبا و طالبات کو بروقت ٹیکنالوجی کی طرف لیکر گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں