ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ وارم اپ میچز ، بھارت نے آسٹریلیا ، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

دبئی،ابوظہبی(آئی این پی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وار اپ میچز میں بھارت نے آسٹریلیا جبکہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی۔بھارت نے آسٹریلیا کو 8وکٹوں جبکہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 13رنز سے شکست دی۔ بدھ کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹ کے نقصان پر 152رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ 57، مارکس اسٹونس41اور گلیون میکسویل 37رنز بناکر سرفہرست رہے۔ ڈیوڈ وارنر صرف ایک رن بناسکے، مچل مارش کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، کپتان ایرون فنچ بھی صرف 8رنز ہی بناسکے۔ بھارت کی جانب سے روی چندر ایشون نے 2، بھنیشور کمار ، جڈیجا اور راہول چاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف 17.5اوورز میں پورا کرلیا۔کپتان روہت شرما نے 60رنز کی اننگز کھیلی اور کے ایل راہل 39رنز بنائے جب کہ ہارڈک پانڈیا 14اور سوریاکمار یادو 38رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔دوسری جانب ابو ظہبی میں ہونے والے آئی سی سی 20ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ٹم سائوتھی کی پہلی ہی گیند پر انگلینڈ کے اوپننگ بیٹس مین جیسن روئے کلین بولڈ ہوگئے۔

ڈیوڈ میلان 11اور آئن مورگن صرف 10رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ جوز بٹلر نے انگلینڈ کو سہارا دیا اور 51گیندوں پر 73رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جونی بیئر اسٹو نے 30اور سام بلنگز نے 27رنز بنائے۔ انگلینڈ نے 6 وکٹ کے نقصان پر 163رنز بنالیے۔نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 3 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں