مظفرآباد (اے پی پی) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزادجموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 500ارب کا تاریخی میگاترقیاتی پیکج دیدیا۔ اس میگا ترقیاتی پیکج میں مواصلات، شاہرات کی اپ گریڈیشن و ٹنلز کی تعمیر، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر اور اصلاحات، صحت عامہ ، ہائیڈرو پاور، آئی ٹی ، زراعت، لائیو سٹاک اور صنعت، گورننس کی بہتری اور قانون کی عملداری ، سیاحت،
جنگلات کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے 500ارب روپے کایہ پیکج آزادکشمیر کی تاریخ میں سب سے بڑا ترقیاتی پیکج ہے۔ یہ ترقیاتی پیکج آزادجموں وکشمیر کے موجودہ بجٹ کے علاوہ ہوگا۔ اس حوالہ سے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت جمعرات کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعظم پاکستان سے ہونے والی ملاقات اور آزادکشمیر کے لیے تاریخی میگا ترقیاتی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ کشمیریوں کے وکیل اور محسن وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج دیا ہے ، یہ
عمران خان کی آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں دلچسپی کا عکا س ہے۔ عمران خان کی جانب سے دیے گئے تاریخی میگا پیکج سے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں آزادکشمیر کے عوام نے عمران خان کے نظریے پراعتماد کا اظہار کر کے انکے تعمیروترقی او ر خوشحالی کے ویڑن کو ووٹ دیا اور عمران خان نے کمال شفقت اور مہربانی کرتے ہوئے آزادکشمیر کے لوگوں کی معاشی خودکفالت ،انفراسٹرکچر کی بہتری، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور آزادکشمیر کو ماڈل سٹیٹ بنانے کیلئے تاریخ کے سب سے بڑے پیکج کا اعلان کر کے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میگا ترقیاتی پیکج کے فنڈز مرحلہ وار آزادکشمیر کو دیے
جائیں گے۔ اس حوالہ سے میری چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ گزشتہ روز وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر سے ملاقات ہوئی جس میں تاریخی میگا ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ پلاننگ کمیشن آف پاکستان حکومت آزادکشمیر کے ساتھ ملکر میگا ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دیے گی جبکہ میگا ترقیاتی پیکج کے منصوبوں کی ہر سرگرمی کیلئے فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں گے جو وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے ساتھ لیزان رکھتے ہوئے منصوبوں کا معیار اور مقررہ مدت اندر تکمیل یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے دیا گیا تاریخی میگا ترقیاتی پیکج آزادکشمیر کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گااور آزادکشمیر حقیقی معنوں میں ایک ماڈل سٹیٹ بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کی مدد کی اور ایک وکیل اور مددگار کے طور پر ہمیشہ ساتھ کھڑا رہا ہے۔ کشمیری قیادت کو پاکستان کے حوالہ سے بات کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے۔ اس وقت مسئلہ کشمیرتیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہمارے کسی بھی بیان یا فعل سے تحریک آزادی کشمیر پر اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی میگا ترقیاتی پیکج میں آزادکشمیرکا ہر علاقہ ترقی یافتہ بنے گا۔ ایل او سی کے لوگوں کیلئے خصوصی فنڈز رکھے جائیں گے۔ سیاحت کے فروغ سے ریاستی آمدن میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کیلئے تاریخی میگا پیکج دینے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں