غیر اخلاقی ویڈیوز کا معاملہ ’یہ محمد زبیر اور اللہ کا معاملہ ہے کہ اس میں حقیقت کیا ہے، محمد زبیر اب بھی میرے ترجمان ہیں اور رہیں گے‘ مریم نواز کا دوٹوک اعلان

لاہور ( پی این آئی) سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی مبینہ غیر اخلاقی ویڈیو پر مریم نواز نےبھی خاموشی توڑ دی ، کہا کہ یہ محمد زبیر اور اللہ کا معاملہ ہے کہ اس میں حقیقت کیا ہے ، محمد زبیر اب بھی میرے ترجمان ہیں اور رہیں گے ۔

 

 

مریم نواز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر اور ان کی اہلیہ کو کافی عرصہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں ، مجھے کوئی دھمکی نہیں دیتا ۔نواز شریف کی واپسی سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف واپس آنے کیلئے بے چین ہیں ، میری خواہش ہے کہ میاں نواز شریف کی واپسی دسمبر سے قبل ہو ، چیئرمین نیب کی توسیع سے متعلق آئین کچھ نہیں کہتا ، چیئرمین نیب کی توسیع کے فیصلے پر پارٹی بہتر بتا سکتی ہے ، ایسا نظام نہیں ہونا چاہئے کہ تین بار کے وزیر اعظم کو جیل میں ڈالا جائے ۔مریم نواز نے مزید کہا کہ جنید صفدر کا ابھی سیاست میں آنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، میں اور میاں صاحب سیاست کیلئے کافی ہیں۔ جس نے مجھ سے لڑنا ہے سیاسی طور پر لڑے ۔ واضح رہے کہ محمد زبیر بھی غیر اخلاقی ویڈیو پر اپنے ٹویٹر پیغام میں کہہ چکے ہیں کہ ” میرے خلاف جعلی اور جھوٹی ویڈیو جاری کرنا سیاست نہیں بلکہ نہایت ہی گھٹیا حرکت ہے ، اس کے پیچھے جو بھی ہے اس نے انتہائی شرم ناک حرکت کی۔“محمد زبیر کا کہنا تھا’ ’میں نے اپنے ملک کی ایمان داری، وقار اور عزم کے ساتھ خدمت کی ہے۔ میں پاکستان کی بہتری کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close