چوہدری نثار علی خان کی پاکستان میں تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد غلام سرور خان کا مسلم لیگ (ن )میں شمولیت کا فیصلہ؟

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق خبروں کے بعد وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، وفاقی وزیر جلد وزارت اور پارٹی سے استعفیٰ دے کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوجائیں گے۔

یہ دعویٰ خبررساں ایجنسی ’ آئی این پی‘ نے کیا۔ ن لیگی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیاکہ وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کا گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی سے رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے غلام سرور خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی جسے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے قبول کرلیا اس ضمن میں شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قائد نواز شریف اور مریم نواز کو تفصیلی طور پر آگاہ کردیا ہے۔مزید کہاگیا کہ غلام سرور خان اور چوہدری نثار علی خان روایتی سیاسی حریف ہیں۔ دونوں رہنما راولپنڈی ڈویژن کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور کئی بار چوہدری نثار علی خان نے غلام سرور خان کو شکست دی جبکہ غلام سرور خان بھی کئی الیکشن چوہدری نثار علی خان سے جیتے ہیں اس وقت غلام سرور خان اور ان کے صاحبزادے منصور خان ارکان قومی اسمبلی ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی بھی نشستیں ان کے پاس رہتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close