پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات میں 16فیصد اضافہ جبکہ دنیا بھر میں کتنا اضافہ ہوا؟

کراچی(پی این آئی)وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں65فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت نے صرف 16.3 فیصد اضافہ کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاکہ پٹرول کی قیمت جنوری میں 106 اور ستمبر میں 123 روپے رہی، ایکس ریفائنری کی قیمتیں جنوری میں 57.71اور ستمبر میں 95.41 روپے رہیں.

حکومت نے پی ڈی ایل میں 75 فیصد اور سیلز ٹیکس میں 23 فیصد کمی کی۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ الزام تراشیاں بند کر کے لوٹی ہوئی دولت واپس کریں۔دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ وزیراعظم کو خاص انسیت ہے اور وہ ہر معاملے میں کراچی کے معاملات پر فالو اَپ لیتے ہیں ،پیپلز پارٹی 13 سال سے حکومت میں ہے لیکن اس نے شہریوں کے لئے کچھ نہیں کیا ،کراچی میں فائر برگیڈ بھی ہم نے دی تھی اور اب بسیں بھی فیڈرل گورنمنٹ دے رہی ہے،ہم ہائبرڈ بسیں کراچی کی یونیورسٹیوں کو بھی خرید کر دے رہے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں