کابل ائیرپورٹ پھر گونج اٹھا، سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی

کابل (پی این آئی) کابل ائیرپورٹ پھر سے فائرنگ سے گونج اٹھا، نئی حکومت نے سیکورٹی سخت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کا بین الاقوامی ائیرپورٹ پر ایک مرتبہ پھر شدید فائرنگ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابھی غیر واضح ہے کہ فائرنگ کس کی جانب سے کی گئی، تاہم اس سے قبل نئی حکومت کی جانب سے ائیرپورٹ کا رخ کرنے والے ہزاروں افراد کو منتشر کرنے کیلئے کئی مرتبہ ہوائی فائرنگ کی گئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر مزید حملے ہونے کا خدشہ ہے، اسی باعث نئی حکومت نے ائیرپورٹ کے علاقے کی سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ نئی حکومت کے اہلکاروں کی جانب سے کابل بین الاقوامی ائیرپورٹ کے بیشتر حصے کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ دہشت گرد حملے کے خدشات کے پیش نظر انخلاء کی پروازوں میں بھی واضح کمی آگئی ہے۔امریکی فوج نے گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ کی کئی اہم پوزیشنز خالی کر دی تھیں جس کے بعد نئی حکومت کی اسیشل فورسز ائیرپورٹ میں داخل ہو گئی تھیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی حکومت کی اسپیشل فورسز کے اہلکار کابل ائیرپورٹ کی بیشتر اور اہم ترین پوزیشنز کا کنٹرول سنبھال چکی ہیں، جبکہ لوگوں کو ائیرپورٹ سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ائیرپورٹ کا رخ کرنے والے افراد کو بار بار خبردار کیا جا رہا ہے کہ دہشت گرد حملے کا خدشہ اب بھی موجود ہے، لہذا اس علاقے کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔تاہم افغانستان کو خیرباد کہنے کے خواہاں ہزاروں افغان شہری روزانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں پہنچ جاتے ہیں۔دوسری جانب امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے اپنے بیشتر فوجی اہلکاروں، شہریوں کو افغانستان سے نکالا جا چکا ہے، جبکہ ہزاروں افغان شہریوں کو بھی افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ نئی حکومت نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو انخلاء کا عمل 31 اگست تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں