اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا، وزیراعظم نے جواب میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے انٹرا پارٹی الیکشن میں تاخیر ہوئی، انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے ایک سال کی مہلت دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو بروقت انٹراپارٹی الیکشن نہ کروانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی سربراہ آج جواب جمع کرا دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے شوکاز نوٹس میں کورونا وائرس کو انٹرا پارٹی انتخابات میں تاخیر کا بڑا سبب قرار دیا۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ شوکاز نوٹس واپس لیا جائے اور الیکشن کرانے کیلئے ایک سال کی مہلت دی جائے۔جواب میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا وباء سے متعلق این سی او سی کی ہدایات کے مدنظر انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے جاسکتے، این سی اوسی کی ہدایات کے تحت ہی انٹراپارٹی انتخابات کا فیصلہ کیا جائےگا۔یاد رہے 29 جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر وزیرِ اعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے 3 جماعتوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔ شوکاز نوٹس پی ٹی آئی، تحریکِ لبیک پاکستان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کو جاری کیا گیا تھا،عمران خان کو بطور چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے وزیرِ اعظم عمران خان سے 14 روز میں اس حوالے سے جواب طلب کیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ جواب دیں انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پرکیوں نا پارٹی انتخابی نشان کیلئے نااہل قرار دے دی جائے۔ واضح رہے کہ عمران خان 13 جون 2021ء کو انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو دینے میں ناکام رہے تھے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام سیاسی جماعتیں مقررہ وقت پر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں