سندھ حکومت اور پی ٹی آئی کی صوبے میں اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے : سید مراد علی شاہ

کراچی (آن لائن)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور پی ٹی آئی کی صوبے میں اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے جبکہ پاکستان کی آزادی کو 74 سال ہوگئے، ان 74 برسوں میں کئی بار لڑکھڑائے بھی آگے بھی بڑھے، اس وقت پاکستان کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ہفتہ کو پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پرمزارِ قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ہمیں اپنی مشرقی اور سرحدوں پر مسائل کا سامنا ہے، قوم کا متحد ہونا اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے بہت ضروری ہے ،آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولے ہیں، ہمارے نہتے کشمیری بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں، دوسال سے ہمارے کشمیری بھائی مشکلات کا شکار ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وبا پر وفاق اور صوبوں میں این سی او سی کے ذریعے کوآرڈینیشن چل رہی ہے، کورونا وبا کی چوتھی لہر میں ہم چل رہے ہیں، آج ہمیں یہ سمجھنا ہے کہ کورونا وائرس کے ساتھ کیسے رہنا ہے، ہر شخص کو کورونا سے بچا کی ویکسین لگوانی چاہیے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت گزشتہ 13 سال سے عوامی ووٹوں سے حکومت میں ہے، سندھ حکومت اور پی ٹی آئی کی صوبے میں اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے، کراچی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ 1100 ارب روپے کا منصوبہ ہے، جو مشترکہ طور پر چل رہا ہے، کراچی سرکولر ریلوے کے لئے سپریم کورٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت کرے گا، صوبائی حکومت نے بجٹ میں کراچی میں بسوں کے لئے 8 ارب روپے رکھے ہیں، ہم نے بسوں کی خریداری کا آرڈر بھی کیا ہے۔اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آج پاکستان کی آزادی کو 74 سال ہوگئے، ان 74 برسوں میں کئی بار لڑکھڑائے بھی آگے بھی بڑھے، اس وقت پاکستان کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، افغانستان کی بگڑتی صورتحال کے اثرات پاکستان تک آئیں گے، ہمیں ملک کی بقا کے لیے ایک قوم بن کر اکھٹا رہنا ہے، ہمیں اس وقت متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ دو مختلف سوچ رکھنے والی سیاسی جماعتوں میں کہیں کہیں اختلاف ضرور آتا ہے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم ترقیاتی معاملات پر مشاورت کرتے ہیں،ہماری ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close