پاکستان میں مفت تعلیم کا مشن، بابر اعظم سعودی نون اکیڈمی کے برانڈ ایمبیسیڈرمقرر

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ سعودی سوشل لرننگ پلیٹ فارم نون اکیڈمیکے برانڈ ایمبیسیڈر بن گئے اور وہ کمپنی کے مفت تعلیم کے مشن کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔عرب نیوز کے مطابق نون اکیڈمی مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں ایجوکیشن ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی فرم ہے جس سے سعودی عرب، مصر، عمان، کویت اردن، انڈیا اور عراق میں 90 لاکھ طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔پاکستان میں گذشتہ برس ستمبر 2020 میں اس آرگنائزیشن نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں 15 لاکھ مقامی طلبہ کو رجسٹر کیا تھا۔بابر اعظم نے عرب نیوز کو اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ میں نون کے پیغام کی وسیع پیمانے پر ترویج کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف سعودی فرم کی معاونت کریں گے بلکہ پاکستان بھر میں طلبہ کو مفت اور معیاری تعلیم کے حصول کا موقع فراہم کریں گے۔پاکستان میں تعلیم تک رسائی ایک بڑا مسئلہ ہے، یونیسیف کے مطابق ملک میں سات کروڑ سے زائد بچوں میں سے دو کروڑ 28 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے۔نون پاکستان کے جنرل مینیجر عمیر بابر چشتی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی شرکت سے کمپنی کے مقصد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں