کہیں شدید بارشیں شروع، کہیں ریت اور گرد و غبار کی آندھی کی پیشنگوئی

مکہ مکرمہ (پی این آئی) سعودی عرب میں اگست کا مہینہ شروع ہو تے ہی موسم کے حوالے سے عجیب و غریب صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ کہیں شدید بارشیں شروع ہو رہی ہیں، کہیں ریت اور گرد و غبار کی آندھیا ں چل رہی ہیں تو بیشتر مقامات پر ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے۔ مکہ، عسیر، حائل اور دیگر ریجنز میں کئی روز سے بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔طوفانی بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر طغیانی بھی آ چکی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات نے آج اہم وارننگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق آج جمعرات کے روز مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے ریت اور گرد کا طوفان اُٹھے گا جس سے حدِ نظر محدود ہو جائے گی ۔ خصوصاً ڈرائیونگ کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔آج مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر، باحہ اور نجران میں گرد و غبار کی آندھی چلے ، اس کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں بھی ہوں گی۔دوسری جانب سعودیہ کے کئی علاقے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ گرمی دمام میں ہوگی جہاں دوپہر کے وقت درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے گا۔ جبکہ سب سے خوشگوار موسم السودة میں ہو گا جہاں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی تک محدود رہے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل ریاض ریجن میں ریت کے طوفان کے باعث متعدد ٹریفک حادثات میں 2 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں اور 20 کے لگ بھگ زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ریاض ریجن کے ہلال احمر کے ترجمان یاسر الجلاجل نے بتایا کہ السلیل ہائی وے پر السلیل اور افلاج کے درمیانی علاقے میں گرد و غبار کی شدید آندھی چلی جس کی وجہ سے حدِ نگاہ بہت کم رہ گئی۔ اس طوفان کی وجہ سے ایک مقام پر ٹریفک حادثے کے دوران متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت ہوگئی ہے اور 20 زخمی ہیں۔واقعے کی اطلاق ملتے ہی 10ایمبولینسز کو جائے حادثے پر روانہ کیا گیا تاہم دو افراد حادثے کی شدت کے باعث موقع پر ہی جان گنوابیٹھے تھے اور متعدد زخمی حالت میں پڑے تھے۔ان افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا تھا اور ان ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حدِ نگاہ کم ہو جانے سے ڈرائیورز کو پریشانی ہوتی ہے۔ اگر کسی جگہ پر ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے اور بہتر یہی ہو گا کہ کسی محفوظ مقام پرگاڑی روک کر موسم کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جائے۔کہیں شدید بارشیں شروع ،کہیں ریت اور گرد و غبار کی آندھی کی پیشنگوئی

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close