ملکی زرمبادلہ ذخائر میں یکدم بہت بڑی کمی، مجموعی ذخائر کم ترین سطح پر آگئے

کراچی (پی این آئی) ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں یکدم بہت بڑی کمی ، مجموعی ذخائر 25 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 25 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آگئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سرکاری ذخائر میں 22 کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل ذخائر میں 3 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی۔یوں کل 25 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی کے باعث ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 24 ارب 88 کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔ اس وقت کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب ڈالرز سے زائد جبکہ مرکزی بینک کے پاس 17 ارب 82 کروڑ ڈالرز سے زائد کے ذخائر موجود ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ 2 روز قبل اسٹیٹ بینک ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان کو اگست تک 2 ارب 80 کروڑ ڈالرز مل جائیں گے جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گا۔2 ارب 80کروڑ ڈالرز کی رقم آئی ایم ایف کی جانب سے فراہم کی جائے گی، جس کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 28 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جائیں گے۔ یاد رہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل ملک کے زرمبالہ ذخائر ملک کی 75 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔ سرکاری ذخائر 18 ارب ڈالرز سے زائد جبکہ مجموعی ذخائر 25 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئے تھے، تاہم اب بیرون ادائیگیوں کی وجہ سے ذخائر میں 25 کروڑ ڈالرز سے زائد کی بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔زرمبادلہ ذخائر میں گراوٹ اور ڈالر کی طلب میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں جمعرات کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 161.80روپے اور قیمت فروخت161.90روپے پر مستحکم رہی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 161.50روپے اور قیمت فروخت161.90روپے پر بدستور برقرار رہی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں