اسلام آباد (آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت نہ دینے والوں کی ہم عزت نہیں کرتے، آپ کے پاس صرف دو چوائسز ہیں نیب چلا لیں یا ملک چلا لیں، جتنا نقصان نیب نے اس ملک کو پہنچایا کسی اور ادارے نے نہیں ،ہزاروں ارب روپے کے بیس سے زیادہ میگا سکینڈل ہیں نیب ان پر خاموش ہے، نیب حکومتی کرپشن چھپانے اور مجرموں کو بچانے کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم پر کیس بنایا کہ ایل این جی کی ضرورت نہیں تھی زبردستی لگائی گئی اس کا نقصان ہم آج بھگت رہے ہیں۔ چھ دن ایل این جی بند رہی عمران خان کابینہ اجلاس بلا کر پوچھ رہے ہیں کہ اس نقصان کا ذمہ دار کون ہے۔ چیئرمین نیب سے گزارش ہے پتہ کریں ایل این جی کی ضرورت تھی کہ نہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس ملک کو نیب کے حوالے کردیں وہ بہتر طریقے سے چلا لے گا۔ سیکرٹری پٹرولیم بھی کہہ چکے ہیں ملک چلائیں یا نیب چلائیں۔ جب تک نیب ہوگا ہمارا محکمہ نہیں چل سکے گا۔ سپیشل اسسٹنٹ پٹرولیم بھی کہتے ہیں نیب میرے کاموں میں مداخلت کرتا ہے اس کے رہتے ہوئے وہ ترقی نہیں کرسکتے۔ اس حکومت کے لوگ خود یہ بیان دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس صرف دو چوائسز ہیں نیب چلا لیں یا ملک چلا لیں۔ جتنا نقصان نیب نے اس ملک کو پہنچایا کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا۔ ہزاروں ارب روپے کے بیس سے زیادہ میگا سکینڈل ہیں نیب ان پر خاموش ہے۔ نیب حکومتی کرپشن چھپانے اور مجرموں کو بچانے کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔ پتہ لگایا جائے مہنگی ایل این جی اور تیل کے فیصلے کس وزیر نے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر کیس بنایا کہ ایل این جی کی ضرورت نہیں تھی انہوں نے لگائی آج صورتحال یہ ہے کہ چھ دن ایل این جی بند رہی اور پورا ملک بیٹھ گیا۔ نیب جھوٹے مقدمے بند کرے ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ تماشاکیا جارہا ہے ابھی بجٹ پاس ہوا ہے پونے تین روپے بجلی مہنگی کردی گئی۔ اس کا کوئی جواب دینے والا ہی نہیں یہ تماشے ابھی اور لگیں گے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ کرپٹ ترین حکومت برسراقتدار ہے۔ انہوں نے کہا جو لوگ ووٹ کو عزت نہیں دیتے ہم ان کی عزت نہیں کرتے ۔(ن غ)
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں