حج اخراجات میں انتہائی کمی کا امکان، سستی ترین سواری متعارف کروانے کی تیاریاں

کراچی(پی این آئی) بیرون ملک جانے کیلئے سستی ترین سفری سہولت متعارف کروانے کی تیاریاں، فیری سروس چلانے کی کوششیں شروع، پرائیویٹ انوسٹرز سے فیری سروس چلانے کیلئے پیشکش طلب، فیری سروس سے حج کا سفر بھی ممکن ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن(پی این ایس سی)نے پرائیویٹ انوسٹرز سے فیری سروس چلانے کیلئے پیشکش طلب کرلی ہے۔فیری سروس ملکی بندرگاہوں کے درمیان چلانے کے علاوہ بین الاقوامی روٹس پر بھی چلائی جائے گی اور فیری سروس چلانے کے لیے سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو پی این ایس سی سہولتیں فراہم کرے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ فیری سروس کے ذریعے کراچی سے دبئی سیاحت کے علاقہ ایران اور سعودی عرب زیارت اور حج کرنے بھی جایا جاسکے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے خصوصی دلچسپی لے کر وزیراعظم عمران خان سے فیری سروس چلانے کے لیے منظوری لی تھی،اس سروس سے سیاحت کے فروغ سمیت سمندری معیشت کو فروغ ملے گا۔کچھ ماہ قبل بتایا گیا تھا کہ بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے فیری سروس کے آغاز کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 3 اسلامی ممالک کیلئے فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ سب سے پہلے کراچی سے عراق کیلئے فیری سروس شروع ہوگی۔ ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کی گئی ہے۔پالیسی کے تحت کراچی سےعراق فیری سروس شروع کی جائےگی۔ جبکہ مستقبل میں گوادرسےعراق فیری سروس بھی شروع کی جائےگی۔ کراچی سےفیری سروس سے سفر کو سستا اور محفوظ بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کے ساحلی شہروں سے فیری سروس کے آغاز کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بلیو اکانومی وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے فیری شپس چلانے کی اجازت دی ہے۔ سمندر کے ذریعے سفر کرنے والوں کے لئے اب سمندری سرحدیں کھلی ہیں۔ بتایا گیا کہ فیری سروس کے آغاز سے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو بھی فروغ ملے گا، غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کی پاکستان آمد ممکن ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں