تحریک انصاف حکومت نے پچھلے نو ماہ میں کتنا قرض ادا کیا؟ کتنا سود اداکرنا پڑا؟ تفصیلات آگئیں

کراچی (پی این آئی) وفاقی حکومت کی قرض اور سود کی ادائیگی پر خرچ رقم کی تفصیلات سامنے آگئیں، حکومت نے پچھلے9 ماہ میں قرض اور سود کی ادائیگی پر10 ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی، اس رقم میں 8 ارب 93 کروڑ ڈالر قرض جبکہ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر سود ادا کیا، گزشتہ سال قرض و سود کی ادائیگی پر14 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں حکومت نے قرض و سود کی ادائیگی کیلئے 10 ارب 63 کروڑ ڈالر ادا کیے ہیں۔اس خطیر رقم میں 8 ارب 93 کروڑ ڈالر قرض اور ایک ارب70 کروڑ ڈالرسود کیلئے ادا کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال میں قرض و سود کی ادائیگی کیلئے 14 ارب 57 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔ معاشی ماہرین نے حکومتی قرضوں اور سود کی رقم ادائیگی پر کہا کہ حکومت قرض اور سود کی ادائیگی کے ساتھ نئے قرض بھی لے رہی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔دوسری جانب شیڈول بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 7.42 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال جون کے اختتام پرشیڈول بینکوں کے مختصرمدتی قرضوں کا حجم 8202328 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، مئی 2021 کے اختتام پر شیڈول بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں کا حجم بڑھ کر8811004 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا، گیارہ ماہ کے عرصے میں شیڈول بینکوں کے مختصرمدتی قرضوں کے حجم میں 7.42 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ۔ اپریل کے مقابلے میں مئی میں شیڈول بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں میں 1.68 فیٓصد کی شرح سے بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close