لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض ایم پی اے جلیل شرقپوری نے پنجاب اسمبلی میں الگ نشستیں مانگ لیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اصولی اختلافات کی بنیاد پر ن لیگ کے ساتھ بیٹھنا مناسب نہیں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ناراض ایم پی اے جلیل شرقپوری نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ ایوان میں الگ نشستیں الاٹ کی جائیں۔اصولی اختلافات کی بنیاد پر ن لیگ کے ساتھ بیٹھنا مناسب نہیں، اس لیے مجھے اور ہم خیال ساتھیوں کو الگ نشستیں الاٹ کی جائیں۔ واضح رہے ایم پی اے جلیل شرقپوری مسلم لیگ ن کی پارٹی قیادت نوازشریف کے بیانیئے سے اختلاف رکھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے پارٹی ارکان اسمبلی اور ان کے درمیان ایوان میں گلے شکوے اور تلخ کلامی بھی ہوچکی ہے۔انہوں نے ن لیگی قیادت کے مزاحمتی بیانیئے پر اپنی پریس کانفرنس میں واضح کہا تھا کہ نواز شریف زرداری اور مولانا فضل الرحمن ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں انکو اس اقدام سے روکنے کے لیے سختی کرنی چاہیے۔الطاف حسین نے بھی اسی طرح کئی سال ملک اور سماج کے خلاف باتیں کیں۔ لیکن ایسے عناصر کو جلد ہی نکیل ڈال دینی چاہیے۔ موجودہ حکومت مذید الطاف حسین جیسے غدار پیدا نہ ہونے دے۔ ٹکٹوں کے لالچی اپنے لیڈران کے غلط احکامات مان رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کا اتحاد وطن کی خدمت نہیں ذاتی مفادات پٹ مبنی ہے۔ جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ میں پہلے کہتا رہا ہوں کہ ووٹنگ اوپن ہونی چاہیے لیکن ایسا نہ ہو سکا اب سینٹ الیکشن میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کو خفیہ ہی رہنے دینا چاہیے کیونکہ اب جو ہونا تھا وہ ہو چکا۔اگر خفیہ ووٹنگ ہوئی ہے تو اب کھوج لگانی بند ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا مقصد جسکو عوام نے ووٹ دیا اسے حکومت کرنے دیں۔ اپنے گناہوں پر پردا ڈالنے لے لئے پاک افواج کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں