اسلام آباد(آئی این پی)محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز میں ملک کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں واضح کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز شام یا رات سے مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور اسی روز سے پیر کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد ، منڈی بہاوالدین، نارووال، سیالکوٹ، لاہور اور قصور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ ہفتے اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعے اور ہفتے کے درمیان مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ اور کوہستان میں اندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی ہے، جب کہ ہفتے کی شام یا رات سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بارکھان، موسی خیل اور ژوب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر فار ہیٹ ویو نے کراچی کے لئے ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگلے تین روز کے دوران شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اور اگلے چند روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے تک صبح اور رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے اور سمندر کی ہوائیں مسلسل بحال رہنے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں