سیالکوٹ پی( این آئی ) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا جہاں ایک بار پھر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے 28 جولائی کو میدان سجے گا جب کہ پی پی 38 ضمنی انتخاب کیلیے امیدوار 7 جون سے 10 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 11 جون کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 18 جون تک کی جائے گی ، جس کے بعد امیدوار ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف 22 جون تک اپیلیں دائر کرسکیں گے، جب کہ امیدواروں کو یکم جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ کی نشست سے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خوش اخترسبحانی چند روز قبل انتقال کرگئے تھے ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے رکن اسمبلی کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ خوش اختر سبحانی دو ہفتوں سے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے ، خاندانی ذرائع کے مطابق خوش اختر سبحانی جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عمر ڈار ، صاحبزادہ حامد رضا ، بیرسٹر جمشید غیاث ملک ، خواجہ عارف شاہ نواز چیمہ پاشی بٹ اور میاں عابد نے رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی اور چوہدری طارق سبحانی سے سابق ایم پی اے چوہدری خوش اختر سبحانی کی وفات پر اظہارِ تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ نے بھی وفد کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی اور چوہدری طارق سبحانی سے سابق رکن پنجاب اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلی صدر برائے ضلع سیالکوٹ سے چوہدری خوش اختر سبحان کی وفات پر اظہارِ تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی کہ اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں