سردار عتیق احمد خان سے سابق وزیر مال سردار فاروق سکندر کی ملاقات، پارلیمانی بورڈ کے پاس ٹکٹ کی درخواست جمع کرا دی

راولپنڈی/مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے سابق وزیر مال سردار فاروق سکندر کی ملاقات، ملاقات سے قبل سردار فاروق سکندر نے مسلم کانفرنس کے پارلیمانی بورڈ اورمسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء کے پاس کوٹلی حلقہ سٹی سے آمدہ انتخابات 2021 کے ٹکٹ کے حصول کے لئے درخواست جمع کروائی، اس موقع پر ان کے ہمراہ سینکڑوں کارکن بھی موجود تھے، ٹکٹ کی درخواست جمع کروانے کے بعد باقاعدہ پارٹی کی تجدیدی رکنیت سازی بھی کی، اس موقع پر یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان، سابق چیئرمین یوتھ ونگ راجہ افتخار بھی موجود تھے، ملاقات کے بعد تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس نظریاتی جماعت ہے تاریخ کی وارث ہے، مسلم کانفرنس سے آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں، ہم نئے عزم کے ساتھ جماعت ناقابل تسخیر قوت بنارہے ہیں، آزاد کشمیر میں اقتدار کا گیٹ مسلم کانفرنس ہے، آئندہ الیکشن میں تاریخی سرپرائز دیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ کشمیر میں جب بھی صاف و شفاف الیکشن ہوئے تو مسلم کانفرنس بر سر اقتدار آئی، ہمارے پاس مثالی تاریخ موجود ہے، مسلم کانفرنس کے قائدین نے ہمیشہ مصائب کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، ماضی میں جماعت پر آزمائشیں آتی رہیں مگر مسلم کانفرنس کے باوقار اور دلیر کارکنوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آج پھر ایک بار مسلم کانفرنس نے تمام سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، آزاد کشمیر میں 2021 کا الیکشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انھوں نے کہا کہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان ہمارے بزرگ رہنماء ہیں، ان کی رہنمائی اور سر پرستی میں مسلم کانفرنس کانفرنس ایک بار پھر کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی، ریاستی عوام اس وقت بے شمار مسائل سے دوچار ہیں، صحت و صفائی، تعلیم، روزگار کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، ترقیاتی فنڈز خرد برد کی نذر ہورہے ہیں، عوام کا آئے روز بری طرح سے استحصال جاری ہے، ان تمام برائیوں کا حل مسلم کانفرنس کا بر سر اقتدار آنے میں ہے، کارکن صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے انتخابات کی بھرپور تیاریاں کریں، تمام نا انصافیوں کے ازالے کے وقت قریب آچکا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کی نظریاتی اساس کی پہرہ دار ہے اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہی ہے، کشمیریوں نے پاکستان کے قیام سے قبل اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے، قرار داد الحاق پاکستان اور کشمیر بنے گا پاکستان کشمیری عوام کے لئے مشعل راہ ہے، کریلوی خاندان کاتاریخی کردار ہے جسے کوئی فراموش نہیں کرسکتا،سپریم ہیڈ مسلم کانفرنس سردار سکندر حیات خان پوری قوت سے ہماری سرپرستی رہے ہیں، ان کی قیادت میں مسلم کانفرنس ریاست کی تقدیر بدلنے کا عزم رکھتی ہے، اس موقع پر سردار فاروق سکندر نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی سواد اعظم جماعت ہے، آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس کا تابناک دور دیکھ رہا ہوں، اس کی مضبوطی کے لئے ہم سب کو ملکر بھرپور محنت کرنا ہوگی، مسلم کانفرنس ہی ریاستی عوام کے حقوق کے تحفظ اور وقار کی علامت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close