وفاقی وزیر تعلیم نے امتحانات سے متعلق حتمی فیصلہ سنا دیا، طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) گزشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے تھے تاہم رواں سال کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)نے بورڈ کے امتحانات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز این سی او سی کی اسلام آباد میں ہونے والی ایک میٹنگ میں کیا گیا جس کی صدارت وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کر رہے تھے۔ میٹنگ میں وزارت صحت کے حکام نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کو ریفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم امتحانات کے متعلق میٹنگ کے شرکاءنے اعلان کیا کہ رواں سال بورڈ کے امتحانات منعقد کرائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے پر رواں ماہ کے آغاز میں سکول بند کیے گئے تھے جو 23مئی تک بند رہیں گے۔ 23مئی سے قبل بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا ایک اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی ادارے کھولنے اور امتحانات کے متعلق مزید اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ قبل ازیں رواں ماہ کے آغاز میں کانفرنس کی طرف سے کہا جا چکا ہے کہ گریڈ 10اور 12کے امتحانات جولائی میں ہوں گے جبکہ 9اور 11کے امتحانات اگست اور ستمبر میں لیے جائیں گے۔وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی طرف سے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر واضح کیا گیا ہے کہ 9ویں اور 11ویں کے امتحانات متعلقہ بورڈز کے ٹائم ٹیبل کے مطابق ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں