تھوڑا وقت ضرور لگے گا لیکن نیا پاکستان جلد ابھر کر سامنے آئیگا ، وزیر اعظم عمران خان کا جدہ میں پاکستانیوں سے خطاب

جدہ (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو پرانے کا نظام کاحامی ہے اور چاہتا ہے یہ نظام چلتا رہے،ملک کو مافیاز سے آزادی دلانے کا وقت آگیا ہے، مگر ہم مافیاز کیخلاف جو جنگ شروع کی ہے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ، تھوڑا وقت ضرور لگے گا لیکن نیا پاکستان جلد ابھر کا سامنے آئیگا جہاں آئین ، قانون اور انصاف کی بالادستی ہوگی ،اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے پاکستان،معیشت اور اپنے عوام کو کورونا کی تباہی سے بچا لیا ،بھارت نے لاک ڈائون کیا جس کے باعث اس کی معیشت کو نقصان ہوا ،کورونا پوری دنیا کی معیشت کو تباہ کیا ،90لاکھ اوورسیز پاکستانیز ہماری بڑی طاقت ہیں،مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کا شکر گزار ہوں ، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ۔روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مافیا بیٹھاہے جو پرانے نظام کو بچانا چاہتا ہے یہ لوگ آئین و قانون کی کبھی بھی بالادستی نہیں چاہتے ۔میں پارٹی کا نام بھی تحریک انصاف اسی لئے رکھا تھا ۔جو ملک خوشحال تھا وہاں انصاف تھا جو ملک پیچھے رہ گئے وہ وسائل ہونے کے باوجود پیچھے رہ گئے وہاں طاقتور کی حکمرانی تھی اور پاکستان میں بھی طاقتور کی حکمرانی کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا ۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز میری سب سیبڑی طاقت ہیں جو ملک کو چلانے کیلئے کام کررہے ہیں ۔وہ چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک بھی باقی ممالک کی طرح عظیم ملک بنے ۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف پرانا نظام جس میں مافیا ہے اور جس سے تمام کرپٹ اور طاقتور عناصر فائدہ اٹھا رہے ہوتے ہیں اور اپنا مال بچانے کے لئے سب اکٹھے ہیں جبکہ دوسری طرف ہماری حکومت ان مافیاز کیخلاف لڑ رہی ہے اور یہی تبدیلی ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا ۔قوم کے اندر شعور و آگاہی پیدا ہو گئی ہے اور اس کی بڑی وجہ سوشل میڈیا ہے جو ایک بہت بڑی طاقت ہے کیونکہ جوڈیشل میڈیا کو تو لوگ خرید بھی لیتے ہیں مگر سوشل میڈیا کو کوئی بھی نہیں خرید سکتا اور اس لئے میں کہتا ہوں کہ سوشل میڈیا کو کوئی نہیں روک سکتا ۔اس میں تیزی سے انفارمیشن آگے پھیلتی ہے کہ سب باخبر ہو جاتے ہیں اور تحریک انصاف سوشل میڈیا کی وجہ سے پاور میں آئی تھی اور یہ تبدیلی جو آرہی ہے یہ یوتھ کی وجہ سے آرہی ہے آپ کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ یہ جدوجہد اس پاکستان کی جانب جارہی ہے جس کو ستر سال پہلے بننا تھا جس کا لیڈر قائد اعظم محمد علی جناح تھے جو قانون کی بالادستی مانتے تھے لیکن ہم آئین و قانون کی بالادستی سے ہٹ گئے تھے تاہم اب واپس ہم آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کی راہ پر آگئے ہیں اور ہم ملک کو مافیاز سے آزادی دلائیں گے اور یہ جنگ جاری رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ مافیا سے آزادی کی جنگ میں تھوڑا وقت لگے گا لیکن پاکستان مافیا کی گرفت سے نکل گیا ہے اور جلد ایک نیا پاکستان سب کے سامنے بن کر ابھرے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں