وزیراعظم جب کہیں گے میں استعفیٰ دے دونگا عثمان بزدار کھل کر بول پڑے

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے میں استعفیٰ دے دونگا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میرے استعفے دینے سے متعلق افواہیں سنتا رہتا ہوں مگر اس پر کان نہیں دھرتا۔عثمان بزدار نے کہا کہ مجھ سے کبھی کسی نے استعفیٰ نہیں مانگا اور نہ ہی وزارت اعلی چھوڑنے کا کہا۔انہوں نے کہاکہ مجھ سے کسی کو کیا مسئلہ ہوگا، میں تو اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اقتدار اللہ تعالیٰ کی امانت ہے، ہمیں لوگوں کی باتوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے، کارکردگی بہتر کرنی چاہیے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اگر مجھ سے کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔چودھری برادران سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کی بہت عزت کرتا ہوں، اگر محبت اور احترام کا رشتہ ہو تو اتحادیوں سے مسائل نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سینیٹ انتخاب میں اہم کردار ادا کیا تھا۔جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ تحریک انصاف کا حصہ ہیں ہمارے بھائی ہیں، ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترین گروپ کے لوگ ہمارے دوست ہیں ان سے روزانہ ملاقات ہوتی ہے، ہم سب لوگ متحد ہیں اور اکٹھے ہیں چلیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ساڑھے 11 کروڑ کا صوبہ ریموٹ کنٹرول سے نہیں چل سکتا،صوبے کے فیصلے کابینہ کرتی ہے،تمام لوگ آن بورڈ ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں