اسلام آباد (پی این آئی) الوداع ماہ رمضان، شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب۔ تفصیلات کے مطابق سال کے سب سے مقدس مہینے رمضان المبارک کے اختتام میں اب چند روز باقی ہیں۔ ملک میں رمضان المبارک کے آخری ہفتے کا آغاز ہو چکا، جس کے بعد عید الفطر کی آمد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جبکہ شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ مرزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس کے دوران ملک کی تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے بھی رابطہ رکھا جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی رپورٹ جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 01 منٹ پر ہوگی جس کے مطابق 12 مئی 29 رمضان کو نئے چاند کے نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔اس بار 29 کی بجائے 30 روزوں کا امکان زیادہ ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے، تاہم اس کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا جو 12مئی کو ہوگا۔ اس روز ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف جبکہ جبکہ کہیں کہیں جزوی بادل ہوں گے۔لیکن چونکہ اس روز چاند کی پیدائش کو زیادہ وقت نہیں گزرا ہو گا، اس لیے مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر بابر نے کہا کہ جمعہ کو عید ہونے کی صورت میں ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا۔ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بیشتر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں جنوبی پنجاب، سندھ و بلوچستان میں موسم گرم رہے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی و جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیال رہے کہ ملک میں موسم گرما کا آغاز ہو چکا، جبکہ بیشتر علاقوں میں سورج خوب آگ برسا رہا ہے۔ گرمی کی شدت میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا جب رمضان المبارک مہینہ جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں