فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد کمی، نیپرا نے کن کن صارفین کیلئے بجلی سستی کر دی؟

اسلام آباد (پی این آئی) نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت 64 پیسے سستی کر دی، بجلی کی قیمت میں کمی مارچ کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔تفصیلات کلے مطابق نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت 64 پیسے سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ مارچ کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 64 پیسے کمی کی گئی ہے۔بجلی میں کمی کا ریلیف صارفین کو مئی کے بلوں میں دیا جائے گا، لیکن ماہانہ 300 یونٹ اور ماہانہ 50 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا۔ نیپرا اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بجلی میں کمی کے فیصلے کا اطلاق کےالیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔دوسری جانب نیپرا نے بجلی کی قیمت 90 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظوری دے دی، جس کے تحت عوام پر 90 ارب روپے کا مزید بوجھ ڈالا گیا ہے، اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، مالی سال 2020-21 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے نیپرا کو 91 ارب 36 کروڑ روپے کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواستیں دی تھیں ، نیپرا اتھارٹی کی طرف سے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد 90 ارب 3 کروڑ 67 لاکھ روپے کی منظوری دے دی گئی ، نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ، مذکورہ اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کے بعد ہوگا۔ اس پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کے خلاف ڈی چوک پر دھرنے دلوا کر عوام کو بجلی کے مہنگے بل بھرنے کیلئے بینکوں کی قطار میں کھڑا کروادیا ، وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں ، مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں ، پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں