اگر ن لیگ دغا نہ کرتی تو مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف حکومت کی چھٹی کر دیتے، اپوزیشن جماعت کے بڑے لیڈر نے دعویٰ کر دیا

کراچی (پی این آئی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ن لیگ پر الزام عائد کیا ہے کہ پی ڈی ایم میں اگر ن لیگ دغا نہ کرتی تو آج مرکز اور پنجاب کی حکومت گھر جا چکی ہوتی، ن لیگ تحریک انصاف کو سپورٹ کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی مگر ن لیگ کو یہ بھی قبول نہیں،دوبارہ گنتی میں انشا اللہ پیپلز پارٹی ہی سرخرو ہو گی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک کے سیاسی ماحول میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔پیپلز پارٹی نے ضمنی اور سینٹ الیکشن میں حصہ لے کر پی ٹی آئی حکومت کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں اگر ن لیگ دغا نہ کرتی تو آج پنجاب اور مرکز میں تبدیلی آ چکی ہوتی،مگر ن لیگ نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو۔یہ دراصل تحریک انصاف کی حکومت کو سپورٹ کر رہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ عید سے پہلے تمام خالی عہدے مکمل کریں اور غیر فعال عہدیداروں کی جگہ سرگرم کارکنوں کو کام کرنے کا موقع دیا جائے۔چودھری منظور نے کہا کہ عید کے بعد سنٹرل پنجاب کی ضلعی تنظیموں کے اجلاس بلائے جائینگے,,تمام ڈویژنل صدور ہفتہ میں ایک دن کسی نہ کسی تحصیل یا سٹی تنظیم کا دورہ کریں،موجودہ صورتحال میں ہمیں اپنے تنظیمی نیٹ ورک کو جلد از جلد مکمل کر لینا چاہیے،غیر متحرک عہدیدار پارٹی کیساتھ نہیں چل سکتے۔ڈویژنل عہدیداروں کو با اختیار بنا دیا گیا ہے لہٰذا تنظیم نو کا عمل جلد از جلد مکمل ہو جانا چاہیے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینٹ میں اپنا اپنا اپوزیشن لیڈر منتخب کروانے کے بعد پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ گئی تھی، جس کے بعد سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے سربراہان نے اپنے اراکین کو ایک دوسرے پر کسی بھی قسم کے الزامات عائد کرنے سے منع کیا تھا، تاہم الزامات عائد کرنے کا یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close