اسلام آباد (پی این آئی) وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات کو منظم بنایا جائےگا، صوبائی حکومتیں مالیاتی ڈسپلن اپنا کر اخراجات میں کمی لاسکتی ہے، بجٹ میں گروتھ کے فروغ کو ترجیح دی جائے، نوجوانوں کیلئے چھوٹے قرضوں کے فوری اجراء کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین سے وزیراقتصادی امور عمرایوب نے ملاقات کی۔جس میں وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ سیکریٹری اقتصادی امور نے مالیاتی امدادی اداروں کی فنڈنگ پربریفنگ دی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ زرعی پیکیج، ویئرہاوَسنگ، کولڈ اسٹوریج اور آبپاشی کیلئے فنانسنگ پرتوجہ دی جائے۔ بیرونی فنڈنگ سوشل پروٹیکشن اور فنی مہارتوں کے پروگراموں پرصرف کی جائے۔پسماندہ طبقے کے تحفظ اور نوجوانوں میں ہنرکے فروغ کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔نوجوانوں کیلئے چھوٹے قرضوں کے فوری اجراء کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ ترقی پذیرعلاقوں میں صاف پینے کے پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ حکومت سماجی ترقی کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ اسی طرح وزیرخزانہ شوکت ترین سے خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھی ملاقات کی۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ حکومت تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات کو منظم بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ صوبائی حکومت مالیاتی ڈسپلن اپنا کر اخراجات پر کنٹرول اور کمی لاسکتی ہے۔ بجٹ میں گروتھ کے فروغ کو ترجیح دی جائے۔ وزیرخزانہ شوکت ترین سے پنجاب کے وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت نے بھی ملاقات کی۔ جس میں مالیاتی امور اور پنجاب کے بجٹ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں