لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے یوم مئی پر محنت کشوں کو ریلیف دیتے ہوئے ورکرز کی کم از کم اجرت 20ہزار روپے کرنے کا اعلان کر دیا،وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محنت کش کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ورکرز کی کم از کم اجرت 20ہزار روپے کرنے کی منظوری دی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے 3برس میں ورکرز کی کم از کم اجرت میں 5ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے،عثمان بزدار نے کہا کہ سابق دور میں ورکرز کی فلاح و بہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ماضی کی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دینے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا، سابق حکمرانوں نے 5سالہ دور میں ورکرز کی کم از کم اجرت میں صرف 3ہزار روپے کا اضافہ کیا، ہماری حکومت ورکرز کی کم از کم اجرت میں آئندہ بھی اضافہ کرے گی،وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فرسودہ نظام ختم کر کے آن لائن لیبر انسپکشن کا نفاذ کیا گیا ہے، سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن کی شفاف اور باسہولت ادائیگی کیلئے سیلف اسسمنٹ سکیم کا اجرا کیا گیا ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عوام کیلئے مفت ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی، سوشل سکیورٹی انسپکشن 20فیصد تک محدود کی گئی ہے، ورکرز کیلئے میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر 2لاکھ جبکہ ڈیتھ گرانٹ 5لاکھ سے بڑھا کر 6لاکھ کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں