72گھنٹوں کے اندر سعودی عرب واپس آجائیں ورنہ۔۔۔سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک پر نئی سفری پابندیاں عائد کر دیں، اقامہ ہولڈرز کو 72 گھنٹوں کے اندر مملکت واپس آنے کی ہدایت، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب واپس جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے پریشان کن خبر سامنے آئی ہے۔سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق اگلے ماہ 17 مئی سے مملکت میں بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، تاہم اس کے باوجود پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک میں موجود مسافروں کی مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، سری لنکا اور فلپائن سمیت جن جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان ممالک میں موجود کسی شخص کو سعودی عرب داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔مذکورہ ممالک میں اگر کوئی سعودی اقامہ ہولڈر موجود ہے، تو وہ 72 گھنٹے کے اندر سعودی عرب واپس آ جائے، اس کے بعد کسی شخص کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے مذکورہ ممالک میں کرونا کے دوبارہ اور تشویش ناک پھیلاو کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ اس سے قبل سعودی ائیرلائن کا بھی ایک اعلامیہ سامنے آیا تھا جس نے پاکستانی شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔سعودی ائیرلائن کے اعلامیہ کے مطابق 17 مئی سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے باوجود 20 ممالک کے شہریوں کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے فروری 2021 میں پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر مملکت میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی تھی، یہ پابندی 17 مئی کے بعد بھی برقرار رہے گی۔ پاکستان سمیت 20 ممالک میں کرونا وائرس نے دوبارہ سے سر اٹھایا، اسی وجہ سے ان ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close